شبِ برات کی حقیقت: مستند احادیث اور اکابرین کی روشنی میں
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ،
شعبان المعظم کا مہینہ شروع ہو چکا ہے اور اس ماہ میں ایک ایسی مبارک رات آنے والی ہے جس کا نام 'شبِ برات' ہے۔ چونکہ اس رات کے بارے میں بعض حضرات کا یہ خیال ہے کہ اس کی کوئی فضیلت قرآن و حدیث سے ثابت نہیں، اور اس رات میں جاگنا یا خصوصی طور پر عبادت کرنا بے بنیاد ہے، بلکہ بعض حضرات نے تو اسے بدعت سے بھی تعبیر کیا ہے۔ اس لیے لوگوں کے ذہنوں میں اس رات کے بارے میں مختلف سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔ آج کے اس مضمون میں ہم مستند حوالوں اور اکابرینِ امت کی روشنی میں اس رات کی اصل حقیقت کو واضح کریں گے۔
1. کیا یہ رات واقعی بے بنیاد ہے؟
شبِ برات کے بارے میں یہ کہنا کہ اس کی کوئی فضیلت حدیث سے ثابت نہیں، بالکل غلط ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تقریباً دس صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے احادیث مروی ہیں جن میں نبی کریم ﷺ نے اس رات کی فضیلت بیان فرمائی ہے۔ اگرچہ بعض روایات سند کے اعتبار سے کمزور ہیں، لیکن جب اتنی زیادہ روایات ایک ہی بات کی تائید کریں تو ان کی کمزوری دور ہو جاتی ہے۔ لہٰذا جس رات کی فضیلت میں دس صحابہ سے روایات موجود ہوں، اسے بے بنیاد کہنا درست نہیں ہے۔
2. عبادت کا کوئی خاص طریقہ مقرر نہیں
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ اس رات میں عبادت کا کوئی خاص طریقہ مقرر ہے، جیسے پہلی رکعت میں فلاں سورت اتنی مرتبہ پڑھی جائے وغیرہ۔ یہ بالکل بے بنیاد بات ہے۔ شریعت نے اس رات کے لیے کوئی مخصوص نقشہ یا طریقہ طے نہیں کیا۔ بلکہ نفلی عبادت جس قدر ہو سکے وہ اس رات میں انجام دی جائے، جیسے نفل نماز، قرآن کی تلاوت، ذکر و تسبیح اور دعائیں۔
3. نفل اور فرض نماز میں فرق
دین کا اصول یہ ہے کہ فرائض کی ادائیگی مسجد میں باجماعت شعارِ اسلام ہے، لیکن نفل نمازوں میں "تنہائی" مقصود ہے۔ آج کل شبِ برات میں صلاۃ التسبیح یا دیگر نوافل کی جو باجماعت مسجد میں ہوتی ہے، اس کا شریعت میں کوئی ثبوت نہیں ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے خود نفل نمازیں گھر میں پڑھنے کا حکم دیا ہے۔ اگر نفل جماعت سے پڑھنے پر اصرار کیا جائے تو ثواب کے بجائے الٹا گناہ ملنے کا اندیشہ رہتا ہے۔
4. نفل عبادت میں تنہائی کیوں ضروری ہے؟
نفل عبادت کا اصل مقصد بندے اور اللہ کے درمیان ایک ایسا تعلق ہے جس میں دکھاوا نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ یہ چاہتے ہیں کہ میرا بندہ تہائی میں آکر براہِ راست مجھ سے تعلق قائم کرے۔ مساجد میں اجتماع کرنے سے ریاکاری کا اندیشہ رہتا ہے، جبکہ تنہائی اور خلوت میں اللہ کے پاس آنا ایک بڑا انعام ہے۔
5. قبرستان جانے کی شرعی حیثیت
روایات سے ثابت ہے کہ حضور ﷺ ایک مرتبہ اس رات جنت البقیع تشریف لے گئے تھے۔ لیکن اسے شبِ برات کا لازمی حصہ سمجھنا اور ہر سال اس کی پابندی کرنا دین کے درجے سے آگے بڑھانے والی بات ہے۔ اگر کوئی اسے فرض یا واجب سمجھ کر اہتمام کرتا ہے تو وہ صحیح نہیں۔ بہتر یہی ہے کہ جو چیز جس درجے میں ثابت ہو اسے اسی درجے میں رکھا جائے۔
خلاصہ
شبِ برات حلوے پٹاخوں یا مساجد میں میلہ لگانے کی رات نہیں ہے۔ یہ توبہ کی، اور تنہائی میں اللہ کو یاد کرنے کی اور آنے والے سال کے فیصلوں پر گڑگڑا کر دعا مانگنے کی رات ہے۔ اللہ ہمیں صحیح معنوں میں اس رات کی برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
Alfaz by Salman
🌟 हमसे जुड़ें (Official Channels) 🌟
Halat-e-Hazra, Motivation और Funny Stories के लिए आज ही जॉइन करें!
Alfaaz By Salman! 🚀

Mashallah
ReplyDelete